پنجاب میں میٹرک اور انٹر کے طلبہ کو کامیاب قرار دینے کیلئے فارمولہ تیار

پنجاب میں میٹرک اور انٹر کے طلبہ کو کامیاب قرار دینے کیلئے فارمولہ تیار


لاہور:پنجاب میں میٹرک اور انٹر کے طلبہ کو کامیاب قرار دینے کیلئے فارمولہ تیار کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں امتحانات منسوخ ہونے سے پیدا شدہ صورتحال پر نئی تجاویز تیار کرلی گئی ہیں،تجویز کے مطابق نویں جماعت کے تمام طلبہ کو بلا تخصیص دسویں جماعت میں پروموٹ کیا جائے گا اور دسویں جماعت میں حاصل شدہ نمبرز کے مساوی نویں کے نمبر دیئے جائیں گے۔

تجویز کے مطابق پریکٹیکل کے مجموعی نمبرز میں سے نصف نمبرز تمام طلبہ کو دیئے جائیں گے،پریکٹیکل کے باقی نصف نمبرزتھیوری کے حاصل کردہ نمبرزکے تناسب سے دیئے جائیں گے،دسویں جماعت کے حالیہ تھیوری پیپرز کی مارکنگ کرکے رزلٹ کا اعلان کیا جائے گا۔

بورڈز کی تجویز ہے کہ پریکٹیکل نہیں لئے جائیں گے اگر دسویں کے پیپرز کی مارکنگ نہ ہوسکی تو نویں کے مساوی نمبرز دے دیئے جائیں گے اسی طرح گیارہویں جماعت کے تمام طلبہ کو بارہویں جماعت میں پروموٹ کردیا جائے گا جبکہ بارویں جماعت کے موجودہ طلبہ کے نمبرز گیارہویں کے نمبرز کے مساوی دیئے جائیں گے،طلبہ کو اپنے نمبرز بڑھانے کیلئے دوبارہ امتحان دینے کا موقع دیا جائے گا.