صحافی تنظیموں نے نیو نیوز کا لائسنس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا

صحافی تنظیموں نے نیو نیوز کا لائسنس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا

لاہور: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ اور پی ایف یو جے دستور نے پیمرا کی جانب سے نیو نیوز کا لائسنس معطل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پیمرا سے نیو نیوز کا لائسنس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی اور سیکرٹری رانا عظیم نے کہا ہے کہ نیوز کا لائسنس معطل کرنا اظہار رائے کی آزادی پر قدغن ہے۔ لائسنس معطلی سے ہزاروں میڈیا ورکر بے روزگار ہوجائیں گے جو انسانی المیے کو جنم دے سکتا ہے۔ انہوں نے پیمرا کے اس عمل کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صحافیوں کی آواز دبانے کی ایک سازش ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

پی ایف یو جے دستور کے صدر نواز رضا اور سیکرٹری جنرل سہیل افضل نے پیمرا سے اپیل کی کہ وہ نیو نیوز کے بارے میں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس اور حکومتی پالیسوں کے نتیجے میں میڈیا انڈسٹری پہلے ہی بحران سے دوچار ہے۔ عید کے موقع پر یہ صورتحال بڑی تشویش ناک ہے۔ پیمرا سے درخواست ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے لائسنس معطلی کا فیصلہ موخر کر دے۔