کورونا وائرس کو بھارت میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، صدر مملکت

کورونا وائرس کو بھارت میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، صدر مملکت
کیپشن: Image Source; File Photo

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آذربائیجان کے ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو پورے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کیلئے ایک اور جواز کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ، صدر ڈاکٹر عارف علوی نے آج آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں کورونا وائرس کی وبا سے مشترکہ طور پر نمٹنے کیلئے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق انہوں نے صدر الہام علیوف کو پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کی تازہ ترین صورتحال اور مرض کی روک تھام کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

ترقی پذیر ممالک کے قرضوں میں نرمی کیلئے عالمی اقدام کیلئے وزیراعظم عمران خان کی اپیل کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے صدر عارف علوی نے معاشی سست روی کے اثرات میں کمی کیلئے قریبی تعاون اور بحران سے نمٹنے کیلئے مزید وسائل وقف کرنے کی ضرورت کو دہرایا۔

صدر عارف علوی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں نقل وحرکت پر مسلسل پابندی اور طبی سہولتوں اور دیگر اشیائے ضروریہ تک عدم رسائی کے باعث وہاں کورون اوائرس کے پھیلاؤ پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔