شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

ملکی سیاست میں ڈرامائی موڑ، شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: ملکی سیاست میں ڈرامائی موڑ سامنے آیا ہے، خبریں ہیں کہ امیگریشن حکام نے قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روک لیا ہے۔

خیل رہے کہ لاہور کی عدالت عالیہ نے میاں شہباز شریف کو آٹھ ہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میاں شہباز شریف لاہور ہوائی اڈے سے دوحہ کیلئے روانہ ہو رہے تھے جہاں سے انہیں برطانیہ جانا تھا لیکن ہوائی اڈے پر امیگریشن حکام نے انہیں روک لیا۔

امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ ہمارے کمپیوٹر سسٹم میں آپ کا سٹیٹس بلیک لسٹ آ رہا ہے، اس کا جواب دیتے ہوئے میاں شہباز شریف نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ون ٹائم ٹریول کی اجازت ہے، میرے پاس لاہور کی عدالت عالیہ کا حکم نامہ موجود ہے۔

اس موقع پر ناصرف امیگریشن حکام کو عدالت عالیہ کا حکم نامہ دکھایا گیا بلکہ لیگی رہنما عطا تارڑ کی جانب سے اسے پڑھ کر بھی سنایا گیا۔

کافی تکرار کے باوجود بھی امیگریشن حکام نے میاں شہباز شریف کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہ ملی تو وہ مایوس ہو کر گھر لوٹ گئے۔

خبریں ہیں کہ میاں شہباز شریف نے ہوائی اڈے پر موجود حکام سے مطالبہ کیا کہ انھیں تحریری طور پر امیگریشن کی جانب سے بتایا جائے کہ انھیں بیرون ملک جانے کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی۔

اس پر انھیں تحریری طور پر آگاہ کیا گیا کہ ابھی امیگریشن کے سسٹم میں یہ بات اپ ڈیٹ نہیں ہوئی کہ میاں شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی جائے۔

خیال رہے کہ لاہو رکی عدالت عالیہ نے گزشتہ روز قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو آٹھ ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی تھی۔