سندھ کے علاوہ ملک بھر میں آج سے لاک ڈاؤن کا آغاز ہوگیا

سندھ کے علاوہ ملک بھر میں آج سے لاک ڈاؤن کا آغاز ہوگیا
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: سندھ کے علاوہ ملک بھر میں آج سے لاک ڈاؤن کا آغاز ہوگیا ۔ تمام بازار اور مارکیٹیں بند ، 16 مئی تک نہ تو شاپنگ اور نہ ہی سیر و تفریح ہوگی ۔

حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چاند رات کو مہندی ، چوڑیوں سمیت کوئی اسٹال نہیں لگیں گے ۔ میڈیکل سروسز ، فارمیسیز ، پیٹرول پمپ کو استثنیٰ حاصل ہوگا ۔ آٹا چکیاں ، فروٹ اور سبزی کی دکانیں صبح نو سے شام چھ بجے تک کھلیں گی جبکہ ریسٹورنٹ پر صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی ۔

ادھر ، کراچی سمیت سندھ بھر میں عید کی خریداری کیلئے آج آخری دن ، کل سے لاک ڈاؤن ہوگا ۔ عوام نے جو لینا ہے ، آج ہی لے لیں لیکن ایس او پیز کا خیال رکھیں ۔

بلوچستان میں بھی چاند رات پر بازار ، جیولری ، مہندی اور کپڑوں کی دکانیں بند رہیں گی جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے سیاحتی مقامات پر ناکے لگا دیے ہیں ۔

پاکستان ریلوے کی جانب سے پردیسیوں کی واپسی کیلئے اسپیشل ٹرینیں چلائی جارہی ہیں جبکہ ، بس اڈوں پر بھی گھر جانے والوں کا رش لگا ہے ۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے مزید 120 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 18 ہزار 797 ہوگئی ۔

24 گھنٹے کے دوران 4 ہزار 109 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 8.54 فیصد رہی ۔

ادھر ، خیبر پختونخوا میں ایک مسیحا وائرس کی نذر ہوگیا ، جاں بحق ڈاکٹروں کی تعداد 66 ہوگئی ، صوبے میں تین روز کمی کے بعد مثبت کیسز کی شرح پھر سے 10.6 فیصد پر چلی گئی ۔ صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق ہسپتالوں میں بیڈز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے ۔

تشویشناک صورتحال کے باعث اسلام آباد میں مکمل لاک ڈاؤن لگ گیا ، پبلک ٹرانسپورٹ ، بس اڈے بند رہیں گے ۔