شہباز شریف کو روک کر عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کی گئی: مریم نواز شریف

عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کرکے شہباز شریف کو روکا گیا: مریم نواز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی شہباز شریف کو روکے جانے کی مذمت ، کہا اقدام ظاہر کرتا ہے شہباز شریف سے سلیکٹڈ کس قدر خوفزدہ ہیں ۔

اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جعلی حکومت نے عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کی جو قابل مذمت ہے ، عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کرکے شہباز شریف کو روکا گیا ۔

دوسری جانب سلمان شہباز نے والد کو ایف آئی اے حکام کی جانب سے آف لوڈ کرنے کے معاملے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا مشورہ دے دیا ۔ باپ بیٹے کے درمیان آف لوڈ کیے جانے پر تفصیلی مشاورت ہوئی ۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی معاملات کلئیر ہونے کے بعد کے معاملات پر بھی دونوں میں تبادلہ خیال ہوا ۔ لندن روانگی کے لیے سلمان شہباز اور شہباز شریف کے درمیان مختلف آپشنز پر بات ہوئی ۔ اس کے علاوہ آئندہ ایک دو روز میں فلائٹ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں اسپشل طیارے کی آپشن بھی زیر غور آئی ۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حتمی فیصلہ وکلا سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ امیگریشن حکام نے قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روک دیا تھا ۔ جبکہ لاہور کی عدالت عالیہ نے میاں شہباز شریف کو آٹھ ہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی تھی ۔