حکومت پنجاب کا عیدالفطر پر قیدیوں کو تحائف دینے کا اعلان

حکومت پنجاب کا عیدالفطر پر قیدیوں کو تحائف دینے کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: حکومت پنجاب نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر قیدیوں کیلئے تحائف کا اعلان کیا ہے جبکہ انہیں عید کے روز بہترین ناشتہ بھی کروایا جائے گا۔ 
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد بیگ کا کہنا ہے کہ پہلی بار قیدیوں کو عید پر نئے کپڑے اور تحائف دئیے جائیں گے اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور سیکرٹری داخلہ مومن آغا قیدیوں کو تحائف دیں گے۔ 
آئی جی جیل خانہ جات کے مطابق خواتین قیدیوں کو سوٹ، کون مہندی اور چوڑیاں بھی ملیں گی جبکہ قیدی ماؤں کے ساتھ رہنے والے بچوں کو بھی نئے کپڑے، کھلونے اور بسکٹ ملیں گے۔
آئی جی جیل خانہ جات کا کہنا تھا کہ عید کے روز قیدیوں کو ناشتے میں سوئیاں، حلوہ اور پراٹھا دیا جائے گا جبکہ دوپہر کے کھانے میں چکن قورمے سے قیدیوں کی تواضع کی جائے گی۔ 
مرزا شاہد بیگ کا کہنا تھا کہ جیل کے گریڈ 5 تک کے عملے کو 1500 روپے عیدی دی جائے گی۔ دوسری جانب ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ عید الفطر پر قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔