کورونا وائرس کا خطرہ پہلے کی نسبت زیادہ بڑھ گیا: اسد عمر 

کورونا وائرس کا خطرہ پہلے کی نسبت زیادہ بڑھ گیا: اسد عمر 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا خطرہ پہلے کی نسبت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ 16 مئی تک ٹرانسپورٹ بند کرنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن کورونا وائرس کا خطرہ پہلے کی نسبت زیادہ بڑھ گیا جس کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں خطرناک حد تک اضافے کو روکنے کیلئے ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کی گئی ہے اور عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ پہلی لہر کی طرح اس مرتبہ بھی احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں اور عیدلفطر کے موقع پر بھی ایس او پیز کا بھرپور خیال رکھتے ہوئے کورونا وائرس کو شکست دیں۔ 
سربراہ این سی او سی نے بتایا کہ پاکستان کے پڑوسی ممالک میں کورونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، نیپال میں یومیہ کورونا کیسزکی تعداد 7 ہزار سے زائد ہوچکی ہے اور ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا جبکہ پاکستان سے آدھی آبادی رکھنے والے ایران میں یومیہ اموات 400 تک پہنچ گئی ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی صورتحال سے پوری دنیا واقف ہے جہاں عالمگیر موذی وباءسے پیدا شدہ صورتحال عالمی میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، بھارتی ہسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں اور کئی جگہوں پر آکسیجن کی کمی ہے، اس لئے موجودہ صورتحال میں ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔