عمران خان نے 25 سال جدوجہد کر کے ہر پاکستانی کو پونے 2 لاکھ قرض تلے دبا دیا: بلاول بھٹو زرداری

عمران خان نے 25 سال جدوجہد کر کے ہر پاکستانی کو پونے 2 لاکھ قرض تلے دبا دیا: بلاول بھٹو زرداری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے 25 سال اس لئے جدوجہد کی کہ ہرپاکستانی کو پونے دولاکھ روپے کے حکومتی قرضے کے بوجھ تلے دبا سکیں، عوام کو کفایت شعاری کا درس دینے والے عمران خان کی حکومت کے اخراجات 28 سالہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہو چکے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی معاشی پالیسیوں پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 25 سال اس لئے جدوجہد کی کہ ہر پاکستانی کو پونے دولاکھ روپے کے حکومتی قرض کے بوجھ تلے دبا سکیں، قرضوں کے خلاف جھوٹی مہم چلا کر پی ٹی آئی حکومت اب تک 33 ارب ڈالر سے زائد کا غیرملکی قرضہ لے چکی ہے، قرضوں کے سود کی وجہ سے تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد ترقیاتی بجٹ تو درکنار دفاعی بجٹ کیلئے بھی حکومت کے پاس پیسے نہیں ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو کفایت شعاری کا درس دینے والے عمران خان کی حکومت کے شاہانہ اخراجات 28 سالہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہوچکے ہیں، عوام کو معاشی ٹیم کا لالی پاپ دینے والے عمران خان کی حکومت سخت شرائط پر قرضے لے کر اپنی آمدنی سے 10 کھرب روپے زیادہ خرچ کرچکی ہے، نرخوں میں سینکڑوں فیصد اضافے کے بعد بھی صرف بجلی کے شعبے میں ڈھائی کھرب اور گیس کے شعبے میں گردشی قرضہ 350 ارب روپوں سے زیادہ ہوچکا ہے۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ کبھی قرضہ نہ لینے کا اعلان کرنے والے عمران خان کی حکومت کے نو ماہ میں ڈھائی کھرب روپوں پرمشتمل ملکی خزانے کا 82 فیصد حصہ قرضوں کی ادائیگی میں صرف ہوچکا ہے، پی ٹی آئی حکومت کی حالت یہ ہے کہ عوام اور تاجروں کے ٹیکسوں کے 710 ارب روپے واپس نہ کرکے ایک نیا گردشی قرضہ پیدا کرچکی ہے، جب 650 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام میں سے حکومت مالی سال کے 11 ویں ماہ میں بھی صرف 40 فیصد خرچ کرے گی تو کیا معاشی ترقی کے اہداف کیسے پورے ہوں گے۔