عرب لیگ نے ایک دہائی بعد شام کی رکنیت بحال کر دی

عرب لیگ نے ایک دہائی بعد شام کی رکنیت بحال کر دی

قاہرہ :عرب لیگ نے ایک دہائی سے بھی زیادہ معطل رکھنے کے بعد شام کی رکنیت بحال کرنے کی منظوری دے دی۔

عراقی سرکاری میڈیا کے مطابق قاہرہ میں عرب لیگ ہیڈکوارٹرز میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران شام کی رکنیت بحالی کیلئے ووٹنگ کے بعد رکنیت بحال کر دی گئی ہے۔

ترجمان عرب لیگ جمال رُشدی کے مطابق شام کو عرب لیگ میں دوبارہ شامل کرنے کی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔

2011 میں عرب لیگ کی جانب سے شام کی اتحاد کی رکنیت معطلی کے بعد  19 مئی 2023 کو سعودی عرب میں ہونے والے عرب لیگ سمٹ کے دوران شام کی رکنیت بحال کرنے کے معاملے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق شام اب عرب لیگ کے اجلاسوں میں شرکت کرسکتا ہے، قرارداد کی منظوری کے ساتھ شام میں خانہ جنگی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران کے حل پر بھی زور دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ شام میں 2011 کی خانہ جنگی کے خلاف عرب لیگ سے شام کی رکنیت ختم کردی گئی تھی اور بیشتر عرب ممالک نے بھی شام سے تعلقات منقطع کر دیے تھے۔