جدہ : سعودی انٹرپول نے کرپشن میں ملوث ہندوستانی شہری گرفتار

جدہ : سعودی انٹرپول نے کرپشن میں ملوث ہندوستانی شہری گرفتار

ریاض:سعودی عرب میں اینٹی کرپشن قانون کی منظوری کے بعد اچانک سعودی شہزادوں کی کرپشن کیسز میں گرفتاری کے بعد متعدد سعودی شہری بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں ،تاہم اب ان گرفتاریوں کا سلسلہ غیر ملکی شہریوں تک پھیلا دیا گیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق سعودی انٹرپول لاکھوں ریال کی کرپشن میں ملوث مفرور ہندوستانی ملزم کو اس کے وطن سے گرفتار کر کے واپس  سعودی عرب لے آئی ہے۔ ہندوستانی شہری سعودی عرب میں کام کرنے والی ایک کمپنی میں لاکھوں ریال کی کرپشن کرنےکے بعد غیر قانونی طریقے سے مملکت سے فرار ہو گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوستانی شہری کرپشن کا معاملہ  سامنے آنےسے قبل ہی مملکت سے بھاگ گیا تھا۔ سعودی عرب نے قانونی چارہ جوئی کر کے اسے ہندوستان سے واپس بلا لیا۔ 5صفر 1439ھ مطابق 25اکتوبر 2017ءکو اسے گرفتار کیا گیا تھا۔ سعودی انٹرپول نے ہر طرح کے جرائم کے انسداد کی مہم کے تحت اسے ہندوستانی حکام سے واپس حاصل کرنے میں مدد طلب کی تھی۔

دنیا بھر کے ممالک تحویل مجرمین کے معاہدے یا جرائم کے انسداد میں تعاون کے جذبے کے تحت مجرم قرار دے دئیے جانیوالے افراد کو متعلقہ ملک کے حوالے کر دیتے ہیں۔ ہندوستان سعودی عرب کو اور سعودی عرب ہندوستان کو مطلوبہ افراد حوالے کرنے میں تعاون کی پالیسی پر گامزن ہیں۔