مزید پانچ شعبوں میں سعودائزیشن کی جائے گی،وزیرمحنت و سماجی فروغ

مزید پانچ شعبوں میں سعودائزیشن کی جائے گی،وزیرمحنت و سماجی فروغ

ریاض: سعودی عرب میں ٹیلی کام سیکٹر میں کامیاب سعودائزیشن کے بعد اب دوسرے شعبوں میں بھی اسی طریقہ کار کے تحت سعودائزیشن کرنے کے متعدد پروگراموں پر عملد رآمد کیا جارہاہے ، اس سلسلے میں ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبے تو شامل تھے مگر اب ان میں پانچ نئے شعبوں کا اضافہ کر دیا گیاہے  ۔

سعودی محکمہ شماریات کے مطابق 2017ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران سعودیوں کیلئے 28.9ہزار نئی اسامیاں پیدا کی گئیں۔ ان میں سے 40فیصد خواتین کیلئے مخصوص ہیں۔ غیر ملکی کارکنان کی اسامیوں میں 161ہزار کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سعودیوں کی اسامیوں کی شرح میں اضافہ ہوا۔ وزیرمحنت و سماجی فروغ علی الغفیص نے کہا کہ تمام اقتصادی شعبوں کی سعودائزیشن ہو گی۔ ہر آنے والا دن روزگار کے متلاشی سعودیوں کیلئے خوشخبریاں لائے گا۔ انہو ں نے انکشاف کیا کہ تجارتی، اقتصادی، صنعتی ، زرعی اور خدمات والے مزید 5شعبوں کی سعودائزیشن ہوگی۔

الغفیص نے ایک انٹرویو  میں کہا کہ جلد ہی متعلقہ کونسلوں کے اجلاس ہونگے جن میں مذکورہ پانچوں شعبو ں کی سعودائزیشن کی بابت تفصیلات طے ہونگی۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کااظہار کیا کہ سعودائزیشن کی شرح ہر ہفتے بڑھ رہی ہے۔ 52ہزار سعودی نوجوان 2017ءکی پہلی سہ ماہی کے دوران لیبر مارکیٹ میں شامل ہوئے۔ دوسری سہ ماہی کے دوران 92.3ہزار سعودی نوجوانوں نے لیبر مارکیٹ میں قدم رکھا۔