1998 کی مردم شماری کے مطابق الیکشن نہیں ہو سکتا، ایاز صادق

1998 کی مردم شماری کے مطابق الیکشن نہیں ہو سکتا، ایاز صادق

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمانی رہنماؤں کا چوتھا اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، صاحبزادہ طارق اللہ، شیخ صلاح الدین، ایس اقبال قادری، اعجازالحق، نعیمہ کشور، روبینہ خالد اور طارق بشیر چیمہ شریک ہوئے جب کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح بھی اجلاس میں موجود تھے۔

آج کے اجلاس میں بھی نئی حلقہ بندیوں کے آئینی ترمیم بل پر غور کیا گیا تاہم اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا۔ دوران اجلاس ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال نے کہا کہ ووٹرز فہرستیں اپ ڈیٹ ہونا ووٹرز کا حق ہے جو ووٹر کو ضرور دیں گے۔

مردم شماری کے بعد انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہونا آئینی ضرورت ہے۔ انتخابات 2018 نئی ووٹرلسٹوں اور نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہونے چاہییں اور نئی حلقہ بندیوں کے متعلق حکومت 10 نومبرتک فیصلہ کر لے۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اسپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ تمام رہنما قیادتوں سے مشاورت کر کے آئے تھے اور اتفاق رائے ایک بات پر ہے کہ الیکشن تاخیر کا شکار نہ ہوں جب کہ یہ اتفاق رائے ہے کہ 1998 کی مردم شماری کے مطابق قانونی پیچیدگیاں ہیں اور اس کے تحت الیکشن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل لے جانا چاہتی ہے کچھ ارکان کی رائے ہے کہ پارلیمنٹ زیادہ بالادست فورم ہے اور حکومت اب اتفاق رائے پیدا کرے۔

دوران اجلاس شیخ رشید ناراض ہو کر باہر چلے گئے جہاں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ میٹنگ مکمل ناکام ہو گئی یہ ہمیں ڈراتے ہیں کہ پاکستان ٹوٹ رہا ہے اور میری اچکزئی سے لڑائی ہوئی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس 63 بندے کم ہیں اور دوتہائی کے لیے 228 بندے چاہییں۔ (ن) لیگ 88 بندوں کی پارٹی ہے اگر شام تک حکومت قرارداد نہ لا سکی تو اسے مستعفی ہو جانا چاہیے کیونکہ حکومت ناکام ہو چکی اور عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کی بیل چڑھتی دکھائی نہیں دے رہی۔ لگتا ہے پیپلز پارٹی کے تحفظات دور نہیں ہوں گے اور (ن) لیگ کورم بھی پورا نہیں کر سکتی لہٰذا ترمیم کا مسئلہ حل ہوتا نظر نہیں آ رہا جب یہ ناکام ہو جائیں گے تو پھر ہو سکتا ہے ہم کوئی حل دے دیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں