اشرف غنی نے پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار کے قتل کی تحقیقات کا حکم دیدیا

اشرف غنی نے پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار کے قتل کی تحقیقات کا حکم دیدیا

کابل:افغان صدر اشرف غنی نے پاکستانی سفارت خانے کے اہلکار کے قتل کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار نیئر اقبال کو جلال آباد میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا جن کے جسدِ خاکی کو گزشتہ روز پاکستان پہنچایا گیا اور ان کی تدفین کردی گئی ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق صدر اشرف غنی نے پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعے کی تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔اشرف غنی کا کہنا تھا کہ غیرملکی سفارتی اہلکاروں کی حفاظت کی ذمے داری حکومت کی ہے۔

دوسری جانب افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمار نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پاکستانی ہم منصب ناصر جنجوعہ سے پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔افغان مشیر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد دونوں اقوام کے مشترکہ دشمن ہیں۔

افغان وزارت خارجہ کی جانب سے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ جلال آباد میں قتل ہونے والے نیئر اقبال رانا پاکستانی قونصل خانے میں اپنی تین سالہ سفارتی ذمہ داریاں پوری کر چکے تھے اور وطن واپسی کی تیاری کر رہے تھے۔