ایران کو دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کے لیے تین ماہ کی مہلت

 ایران کو دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کے لیے تین ماہ کی مہلت

نیویارک: انٹرنیشنل فینانشیل ایکشن ٹاسک فورسFATF نے ایران کو اپنا قبلہ درست کرنے، منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی کی فنڈنگ بند کرنے کے لیے تین ماہ کی مہلت دی ہے۔ مہلت گذرنے کے بعد ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق بین الاقومی گروپ کی طرف سے فی الحال ایران پر اقتصادی پابندیاں معطل ہیں تاہم ایف اے ٹی ایف نے تہران کو31 جنوری2018 تک منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے فنڈنگ کی روک تھام کے لیے تین ماہ کی مہلت دی ہے۔ اگر ایران عالمی گروپ کی شرائط کے مطابق عمل درآمد نہیں کرتا تو یکم فروری 2018 سے اس پر عالمی اقتصادی پابندیاں بحال کردی جائیں گی۔

FATF کی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کو بین الاقوامی گروپ کے ساتھ کیے گئے تمام عہدو پیمان پورے کرنا ہوں گے۔ ایران مالیاتی لین کے حوالے سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے تاکہ جون 2016 کے معاہدے کے تحت اسے اقتصادی پابندیوں سے نکلنے کا موقع مل سکے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف اور ایران کے مرکزی بنک کے درمیان تہران کی درخواست پر ایک معاہدہ ہوچکا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ایران منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی کے لیے فنڈنگ بند کرنے کا پابند ہے۔

ایران کی طرف سے یقین دہانی کے بعد عالمی گروپ نے تہران پر اقتصادی پابندیاں معطل کی ہیں۔ اب ایران کو ایک بار پھر مہلت دی جا رہی ہے کہ وہ آئندہ تین ماہ کے اندر اندر معاہدے کی شرائط پوری کرے ورنہ اس پر اقتصادی پابندیاں بحال کردی جائیں گی۔