نواز شریف کو اب یقین آ جانا چاہیے کہ انہیں کیوں نکالا، شاہ فرمان

نواز شریف کو اب یقین آ جانا چاہیے کہ انہیں کیوں نکالا، شاہ فرمان

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شاہ فرمان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نا اہلی سے متعلق حقائق کو مسلم لیگ (ن) نے متنازعہ اور جھوٹا بنانے کی پوری کوشش کی لیکن ناکامی ان کا مقدر ٹھہری اور انصاف کی جیت ہوئی اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد نواز شریف کو اب یقین آ جانا چاہئے کہ اسے کیوں نکالا گیا۔

 اپنے حلقہ نیابت بڈھ بیر پشاور میں عوامی وفود سے ملاقات کے دوران صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عدلیہ سے نا اہل ٹھہرانے اور فرد جرم عائد ہونے کے بعد نواز شریف اب عوام اور اداروں کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے ہیں ۔تحریک انصاف کی قیادت کے کرپشن کے خلاف جہاد کے نتیجہ میں آج کرپٹ مافیا قانون کے شکنجے میں ہے اور عوام کی دولت لوٹنے والوں کا آج کڑا احتساب ہو رہاہے ۔ مسلم لیگ (ن) یہ جان لے کہ اب عوام میں شعور بیدار ہو چکا ہے اور وہ اب کسی صورت چوروں، ڈاکووں کو برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اس وقت عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو انصاف ، میرٹ اور احتساب پر یقین رکھتی ہے اور اسی ایجنڈے کے تحت اسکی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ خیبر پختونخوا میں NA-4 کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امید وار کی واضح برتری نے ثابت کر دیا کہ عوام تبدیلی کے ساتھ ہیں اور تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ اب امیر مقام بھی اپنے قائد کی طرح NA-4 کے نتائج دیکھ کر حواس باختہ ہو گئے ہیں اور بول رہے ہیں کہ " مجھے کیوں ہرایا" امیر مقام کو اب یقین آ جانا چاہیے کہ NA-4 کے عوام نے ریکارڈ کرپشن ذاتی مفادات کی سیاست اور عوام کے حقوق عوام پر بیچنے کی وجہ سے مسلم لیگ ن کو مسترد کیا ہے لیکن امیر مقام کو اس وقت یقین آئے گا جب وہ بھی اپنے قائد کی طرح احتساب عدالت میں حاضری دے گا اور کرپشن ، غلط بیانی پر اس کا جلد احتساب شروع ہوگا پھر امیر مقام کو بھی اس کے قائد کی طرح ہم بتائیںگے کہ تمہیں کیوں نکا لا گیا۔

شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت نے عوام سے نظام کی تبدیلی کے وعد ے کو پورا کر دیا ہے آج خیبر پختونخوا میں انصاف ، میرٹ اور احتساب کی بالادستی ہے اور بلا امتیاز اور بغیر کسی سیاسی مداخلت کے عوام کو ان کا حق مل رہا ہے۔

مصنف کے بارے میں