ن لیگ نے سپریم کورٹ کے نظر ثانی فیصلہ مسترد کردیا

ن لیگ نے سپریم کورٹ کے نظر ثانی فیصلہ مسترد کردیا

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پاناما کیس پر نظر ثانی سے متعلق سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ عدالتی زبان کے معیار پر پورانہیں اترتا۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے بارے میں جو کچھ بھی کہا گیا وہ کسی سطح کی عدالتی زبان پر پورا نہیں اترتا ،فیصلے کے ذریعے ماتحت عدالتوں پراثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی، نوازشریف کے بارے میں توہین اور تضحیک کے الفاظ عدالت کے لیے باعث فخر نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ اول تا آخر بغض، عناد، غصے اور اشتعال کی افسوس ناک مثال ہے، بنچ نے اپنے فیصلے سے ذیلی عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدلیہ جیسے مقدس ادارے کے لیے نواز شریف کی جدوجہد تاریخ کاحصہ ہے، رہبری کرنے والوں نے ہی پاکستان اور ملک کو ایٹمی قوت بنایا تاہم سوال رہبری کانہیں منصفی کاہے جب کہ قافلے کیوں لٹے بچہ بچہ جانتاہے، قافلے لٹنے کی وجہ رہزنوں کے ہاتھوں پر بیعت ہے ،شاعری کا سہارا لے کر ”ر ہبری “کا سوال اٹھا یا گیا ،قوم جانتی ہے کہ رہبری کرنے والوں نے پاکستان بنا یا ،رہبروں نے قربانیاں دیں ،ملک کو ایٹمی طاقت بنا یا ،جیلیں کاٹیں ،پھانسی چڑھے ،جلا وطن ہوئے اور نا اہل ہوئے۔