تلہ گنگ: مسافر بس کھائی میں جا گری، 18ہلاک درجنوں زخمی

 تلہ گنگ: مسافر بس کھائی میں جا گری، 18ہلاک درجنوں زخمی

چکوال: ڈسٹرکٹ چکوال میں تلہ گنگ کے قریب مسافروں سے بھری بس کھائی میں جا گری ، حادثے میں 18 افرادجاں بحق، 50 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی۔


تفصیلات کے مطابق تلہ گنگ کے قریب ڈھوک پٹھان کے مقام پربس بریک فیل ہونے کے باعث کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے 18 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ بس کوہاٹ سے رائے ونڈ جارہی تھی کہ 150 فٹ گہرے گڑھے میں گرگئی۔


بس میں سوار افراد رائیونڈ میں اجتماع کے لیے جارہے تھے جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع حادثے میں مزید افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کررہے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 20 سے زائد مسافروں کو تحصیل ہسپتال تلہ گنگ میں منتقل کردیا گیا ہے۔


حادثے پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رپورٹ طلب کر لی، جبکہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج و افسوس کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو بہترین علاج و معالجے کی بھی ہدایت کی۔