اگر ایوان چلانا ہے تو اس کا تقدس بھی بحال رکھنا ہو گا ، شہباز شریف

 اگر ایوان چلانا ہے تو اس کا تقدس بھی بحال رکھنا ہو گا ، شہباز شریف
کیپشن: فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں، اگر یہ گاڑی نہ چلی تو بہت نقصان ہو گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ پچھلے چند دنوں میں ایوان میں مچھلی بازار لگا اور دونوں اطراف سے غیر پارلیمانی زبان استعمال کی گئی، الیکشن کے بعد ہم نے جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے، گالم گلوچ اور بے بنیاد الزامات سے گریز کرنا ہوگا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی اور اپوزیشن بنچز اہم معاملات پر گفتگو کریں، بے بنیاد الزامات سے پرہیز کرنا ہوگا، بعض وزرا بغیر کسی ثبوت کے بیانات دیتے ہیں، بغیر ثبوت کے بیانات جمہوریت کی خدمت نہیں ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت گاڑی کے دو پہیے ہیں، اگر یہ گاڑی نہیں چلے گی تو اس سے بہت نقصان ہوگا، ہم سب کو ذمہ دارانہ رول ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے وزیر دفاع پرویز خٹک کی تجویز کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ایک کمیٹی بنائی جائے تاکہ ایوان میں گفتگو کا کوڈ آف کنڈکٹ بنایا جاسکے، میں اس تجویز کو سراہتا ہوں لیکن ایسی تجاویز پر عملدرآمد بھی ہونا چاہیے۔

اس سے قبل اجلاس سے خطاب میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی میٹنگ میں سب کو اسمبلی کے ماحول کو اچھے رکھنے کا کہا ہے، ہمیں ایک دوسرے کو نیچا نہیں دکھانا چاہیے، پورا ملک ہمیں دیکھ رہا ہے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایک کمیٹی بنا دی جائے جو دیکھے کہ اسمبلی میں زبان کونسی استعمال کرنی ہے، اگر ماحول اسی طرح رہے گا تو سب کی بے عزتی ہوگی۔