شیخ رشید نے بطور وزیر ریلوے اپنی کارکردگی قوم کے سامنے رکھ دی

شیخ رشید نے بطور وزیر ریلوے اپنی کارکردگی قوم کے سامنے رکھ دی
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قوم سے 100 دن میں 10 نئی ٹرینیں چلانے کا وعدہ کیا تھا جس میں سے صرف دو نئی گاڑیوں کا آغاز باقی ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ محکمہ ریلوے میں 10 ہزار ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا الحمد اللہ وہ بھی آن ریکارڈ آگئیں جبکہ 100 دنوں میں قوم کو دس نئی ٹرینوں کا تحفہ دینے کا بھی وعدہ کیا تھا جو تقریباً پورا ہونے کو ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ 10میں سےصرف2ٹرینوں کا آغاز کرنا باقی ہے اسے بھی جلد شروع کریں گے۔

وفاقی وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ ’ اللہ جانتا ہے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کو تباہ کردیا تھا وہ 100 دن میں کیا کریں گے؟ ، ہم نےفریٹ،جنرل میں ایک، ایک کروڑ روپے کی وصولی کے ہدف میں اضافہ کیا۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ’ایندھن کی مد میں خرچ ہونے والے پیسے کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹریکنگ سسٹم جلد متعارف کروایا جائے گا جس کے بعد قومی خزانے کو ماہانہ لاکھوں روپے کی بچت ہوگی‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ 77 ہزار ملازین کے گھروں میں بجلی کے پرپیڈ میٹرز نصب کیے جارہے ہیں، اس اقدام سے بھی محکمہ ریلوے کو بچت ہوگی۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ قوم سے وعدہ کیا تھا کہ 28 دسمبر کو اپنی کارکردگی سے متعلق آگاہ کروں گا، ہم بہت سارے اہداف حاصل کرچکے جس کی وجہ سے محکمہ نفع میں آگیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’دورہِ چین میں توقع سے زیادہ اچھے معاہدے ہوئے، ریلوے نظام کو  بہتر بنانے کے لیے چین نے پیش کش کی جبکہ میں تو اُن سے سارا کام مفت میں کرانا چاہتا ہوں۔