مریم نواز نے گلگت بلتستان میں ن لیگ کی جیت کا دعویٰ کر دیا

Maryam Nawaz, victory, Gilgit-Baltistan elections
کیپشن: Photo by Twitter

چلاس: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے گلگت بلتستان میں مسلم لیگ نواز کی جیت کا دعویٰ کر دیا، انہوں نے کہا کہ جہاں شیر کھڑا ہو جاتا ہے وہاں سے گیدڑ بھاگ جاتے ہیں۔

چلاس میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جتنی مرضی دھاندلی کرلیں شیر کو فتح حاصل ہوگی، انہوں نے اپنے کارکنوں سے وعدہ لیا کہ اپنے ووٹ کو چوری نہیں ہونے دینا، الیکشن کے روز باہر نکل کر ووٹ ڈالنا اور پہرہ بھی دینا، ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ ابھی الیکشن نہیں آیا مگر یہاں دھاندلی کے انبار لگ گئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ یہاں مسلم لیگ (ن) کا ایک امیدوار لوٹا ہوگیا ہے، جو شخص اپنے لئے نہیں کھڑا ہوسکتا وہ آپ کیلئے کیسے کھڑا ہوسکے گا؟ عوام کے مسائل کے حل کیلئے شیر ضروری ہے، عوام مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے کر ترقی کے منصوبوں کو ووٹ دیں گے، عمران خان کی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیامربھاشا ڈیم کی تعمیر میں بہت سے گھر اور آبادیاں متاثر ہوئیں، حکومت کو ان متاثرین کو بہتر معاوضہ دینا چاہیے، متاثرین کی تمام تکالیف کا ازالہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کرے گی، عوام گلگت بلتستان میں نئی روایت کو جنم دیں اور لوٹوں کو گھر پہنچائیں۔

مریم نواز نے کہا کہ زندگی میں پہلی بار یہاں آئی ہوں لیکن آپ کا جذبہ دیکھ کر لگتا ہے میرا آپ سے پرانا رشتہ ہے۔ یہ رشتہ نواز شریف نے آپ لوگوں سے بنایا تھا اب میں بھی اس رشتے سے بندھ چکی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حفیظ الرحمان نے بتایا کہ گلگت میں ایئرپورٹ اور سڑکیں نواز شریف نے بنائیں۔ یہاں کینسر ہسپتال اور اسپورٹس کمپلیکس بھی نواز شریف نے بنایا۔ اس کے علاوہ نواز شریف نے گلگت میں کالجز اور اسکولز بھی بنائے۔ اس لیے عوام گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں۔