چودھری شجاعت حسین کی طبیعت میں بہتری آنے لگی ہے : پروفیسر امجد

Chaudhry Shujaat Hussain, Lahore Services Hospital, Professor Amjad
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کی طبیعت میں بہتری آنے لگی، پرنسپل سروسز ہسپتال پروفیسر امجد کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت حسین کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، لیکن اب وہ پہلے سے بہتر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین کو سروسز ہسپتال میں تین روز ہو گئے، میڈیکل بورڈ نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، بورڈ کے مطابق ان کے ایکسرے اور الٹراسائونڈ کی رپورٹس قدرے بہتر آئی ہیں جس کے بعد ان کو دی جانے والی ادویات میں معمولی ردوبدل کیا گیا ہے۔

پرنسپل سمز پروفیسر امجد کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین پارکنس بیماری کا شکار ہیں ان کی چھاتی میں بلغم بہت زیادہ ہونے سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا اب ان کا آکسیجن ماسک اتار دیا گیا ہے وہ سب کو پہچانتے اور باتیں بھی کر رہے ہیں تاہم ان کو مکمل صحتیابی تک ہسپتال میں ہی رکھا جائے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ کل آرمی چیف کی طرف سے بھیجے گئے بریگیڈیئر ارشد نسیم نے بھی چودھری شجاعت کا طبی معائنہ کیا اور کہا کہ بہترین علاج کیا جا رہا ہے اس کے علاوہ فزیشن پروفیسر ارشاد قریشی نے بھی ان کا معائنہ کیا، چودھری شجاعت کی صحت میں پہلے دن کی نسبت آج زمین آسمان کا فرق ہے۔

سروسز ہسپتال میں چودھری پرویز الٰہی ، ق لیگ کے نائب صدر سلیم بریال، پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری ، صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان اور چوہدری مونس الٰہی اور فیملی اراکین سمیت مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کی۔

اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے بھی سروسز ہسپتال لاہور میں چودھری شجاعت حسین کی عیادت کی۔

سردار تنویر الیاس نے کہا چودھری شجاعت حسین وضع دار سیاستدان ہیں، انہوں نے ہمیشہ سیاست میں مثبت کردار ادا کیا، اللہ تعالی چودھری شجاعت حسین کو جلد صحت یاب کرے۔