عمران خان کا لانگ مارچ 2 دن ملتوی ہونے کی اہم وجہ سامنے آگئی

عمران خان کا لانگ مارچ 2 دن ملتوی ہونے کی اہم وجہ سامنے آگئی
سورس: File

اسلام آباد : عمران خان کی طرف سے لانگ مارچ دو دن مزید ملتوی کرنے کی اہم وجہ سامنے آگئی ہے۔ حکومت اور عمران خان کی زیر قیادت پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کرانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

سینئر صحافی انصار عباسی کے مطابق  کوشش کی جا رہی ہے کہ فریقیں کو ایک جگہ بٹھا کر مذاکرات کرائے جائیں اور ان کے سیاسی تنازعات مناسب انداز سے طے کرائے جائیں تاکہ ملک کو مزید کسی سیاسی و معاشی عدم استحکام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پی ٹی آئی نے تصدیق کی کہ فریقین کے درمیان رابطہ دوبارہ قائم ہوا لیکن اس حوالے سے کوئی بات کہنا قبل از وقت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پیر کو اپنے لانگ مارچ کو مزید دو روز کیلئے ملتوی کر دیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کے مطابق، لانگ مارچ اب وزیر آباد سے جمعرات کے دن دوبارہ شروع ہوگا۔

خیال کیا جاتا ہے کہ تاخیر کی وجہ حکومت اور عمران خان کی زیر قیادت پی ٹی آئی کے درمیان پس پردہ ہونے والا رابطہ ہے۔ عمران خان چاہتے ہیں کہ جلد انتخابات کے حوالے سے ان کا مطالبہ جلد از جلد پورا کیا جائے لیکن مذاکراتی عمل کی راہ میں انہیں ہی سب سے بڑی رکاوٹ سمجھا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین مستقل ملٹری اسٹیبلشمنٹ پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ ان کا جلد انتخابات کا مطالبہ پورا کیا جائے اور موجودہ اتحادی حکومت کو ہٹایا جائے۔ حال ہی میں ملٹری اسٹیبلشمنٹ پر ان کی تنقید بہت ہی خطرناک ہوگئی اور اس بات کو عمران خان کی چال سمجھا جا رہا ہے کہ ادارے پردباؤ ڈال کر اس سے جلد الیکشن کا مطالبہ پورا کرایا جائے۔

مصنف کے بارے میں