سعودی عرب اور روس کے درمیان اسلحے کے سمجھوتے کی تفصیلات عام کردی گئیں

سعودی عرب اور روس کے درمیان اسلحے کے سمجھوتے کی تفصیلات عام کردی گئیں

ریاض:سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ماسکو کے حالیہ دورے کے دوران سعودی عرب کی وزارت دفاع نے روس کے ساتھ جدید ترین فضائی دفاعی نظام کی فراہمی سے متعلق کئی معاہدوں پر دستخط کیے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق معاہدوں کے تحت سعودعی عرب روس سے ایس 400 نظام، (Kornet-EM) نظام، (TOS-1A) میزائل لانچر، (AGS-30) گرینیڈ لانچر اورAK- 103) ) کلاشنکوف خریدے گا۔

علاوہ ازیں مذکورہ نظاموں کی ٹکنالوجی کو سعودی عرب منتقل کرنے کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے 2015 میں روس کا دورہ کیا تھا۔

اس موقع پر روس اور سعودی عرب کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے جن کا مقصد عسکری تعاون کے لیے مشترکہ کمیٹی کو فعّال بنانا ، ٹکنالوجی کو مملکت منتقل کرنے کے واسطے مںصوبہ وضع کرنا اور سعودی اہل کاروں کو عسکری شعبے میں تعلیم و تربیت فراہم کرنے کو یقینی بنانا تھا۔