اقوام متحدہ نے بنگلہ دیش میں دنیا کا سب سے بڑا مہاجر کیمپ تعمیر کرنے سے روک دیا

اقوام متحدہ نے بنگلہ دیش میں دنیا کا سب سے بڑا مہاجر کیمپ تعمیر کرنے سے روک دیا

ڈھاکہ:اقوام متحدہ نے کہاہے کہ بنگلہ دیش میں دنیا کے سب سے بڑے مہاجر کیمپ کے قیام کا منصوبہ ’خطرناک‘ ثابت ہو سکتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش میں مقیم اقوام متحدہ کی مختلف شعبوں میں امدادی سرگرمیوں کے نگران ملکی رابطہ کار رابرٹ واٹکنز نے کہاکہ ڈھاکا حکومت کا یہ منصوبہ اس کی روہنگیا مہاجرین کی مدد کے لیے نیک نیتی سے کی جانے والی کوششوں کے باوجود ایک ’خطرناک منصوبہ‘ ہے۔

اس عالمی ادارے کے مطابق مہاجرین کے لیے کسی ایک رہائشی علاقے میں، جہاں تین چوتھائی ملین سے زائد انسان رہتے ہوں، یہ منصوبہ اس لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے کہ وہاں کسی آتشزدگی یا وبائی بیماریوں کے بہت تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے بے تحاشا انسانی ہلاکتوں کا خطرہ ہو گا۔

بنگلہ دیش میں مقیم اقوام متحدہ کی مختلف شعبوں میں امدادی سرگرمیوں کے نگران ملکی رابطہ کار رابرٹ واٹکنز نے کہا کہ حکومت کو کوئی ایک بہت بڑا مہاجر کیمپ قائم کرنے کے بجائے ایسے دوسرے مقامامات کی تلاش کرنا چاہیے، جہاں قدرے چھوٹے لیکن تعداد میں زیادہ مہاجر کیمپ قائم کیے جا سکیں۔

رابرٹ واٹکنز نے بتایاکہ جب آپ کسی ایسے چھوٹے سے علاقے میں بہت بڑی تعداد میں ایسے انسانوں کو مل کر رہنے پر مجبور کر دیتے ہیں، جن کا جسمانی مدافعتی نظام بہت کمزور ہو چکا ہو، تو یہ اقدام اس لیے خطرناک ہوتا ہے کہ اس کے نتیجے میں خوفناک حد تک زیادہ انسانی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔

واٹکنز نے کہاکہ ایسی صورت میں اس کیمپ کے کسی بھی ایک حصے میں اگر کوئی وبائی بیماری پھوٹ پڑے تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ایسی کوئی وبا انتہائی تیز رفتاری سے پھیلے گی اور یوں یکدم لاکھوں انسانوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جائیں گی۔