میاں نواز شریف کی سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے نیب آفس میں ملاقات

میاں نواز شریف کی سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے نیب آفس میں ملاقات
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے نیب آفس میں ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق آشیانہ ہاوسنگ سکینڈل میں گرفتار ہونے والے شہباز شریف سے گزشتہ روز نواز شریف نے ملاقات کی جبکہ شہباز شریف سے ملاقات کی چیئرمین نیب نے اجازت دی تھی۔ ملاقات میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیٹے و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور سلمان شہباز بھی موجود تھے۔

حمزہ شہباز اور سلمان شہباز اپنے والد شہباز شریف کے لیے رات کا کھانا بھی ساتھ لائے تھے جس میں دال، بھنڈی، چاول اور روٹی کے ساتھ برگر بھی موجود تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل حمزہ شہباز اور سلمان شہباز نے اپنے تایا سابق وزیر اعظم نواز شریف سے جاتی امراء میں ملاقات کی تھی جس میں مریم نواز بھی موجود تھیں۔

خیال رہے کہ 5 اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو نیب نے صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا لیکن جب وہ بیان ریکارڈ کرانے پہنچے تو انہیں آشیانہ سکیم کیس میں گرفتار کیا گیا۔