پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، ہنڈرڈ انڈیکس 1300 پوائنٹس کمی کے ساتھ بند

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، ہنڈرڈ انڈیکس 1300 پوائنٹس کمی کے ساتھ بند

فوٹو فائل

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان رہا اور انڈیکس 1300 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوگیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی مندی کا رجحان رہا اور سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں جس کے باعث انڈیکس میں مسلسل کمی دیکھی گئی۔کاروبار کے دوران پہلے سیشن میں ہنڈرڈ انڈیکس زیادہ سے زیادہ 39 ہزار کی سطح پر گیا جس کے بعد انڈیکس میں 1300 پوائنٹس کی کمی ہوگئی اور انڈیکس 37 ہزار کی سطح پر آگیا جس سے مارکیٹ کپٹلائزیشن 500 ارب کم ہوگئی۔

کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1382 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 37 ہزار 898 پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ کی صورتحال پر معاشی ماہرین کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف کے تجزیہ پر مارکیٹ میں تشویش ہے، آئی ایم ایف کے اہداف پورا کرنا مہنگائی کا سبب ہوگا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ بجلی کی قیمتیں نہ بڑھائیں تو 1200ارب کا گردشی قرضہ مزید بڑھ جائے گا جب کہ انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام کی طرف بھی جانے کا اشارہ دیا تھا۔