شہباز شریف کی گرفتاری ‘(ن)لیگ کا پارلیمان میں احتجاج کا فیصلہ

شہباز شریف کی گرفتاری ‘(ن)لیگ کا پارلیمان میں احتجاج کا فیصلہ
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن)نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی گرفتاری پر پارلیمان میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی زیرصدارت ماڈل ٹائون لاہور میں واقع پارٹی سیکریٹریٹ میں مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا، جس میں سی ای سی کے ارکان نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شہبازشریف کی گرفتاری ، وزیراعظم عمران خان کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس اور ضمنی انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں بعض ارکان نے شہبازشریف کی گرفتاری کے رد عمل میں سڑکوں پر احتجاج کا مشورہ دیا اور بعض نے رائے دی کہ ملکی مفاد میں سڑکوں پر احتجاج نہ کیا جائے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن)نے شہبازشریف کی گرفتاری پر پارلیمان میں بھرپور احتجاج کرنے کا فیصلہ بھی کیا جبکہ وزیراعظم کی پریس کانفرنس پر بھی پارلیمان میں بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائےگا۔

واضح رہے کہ مسلم (ن)کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کیا اور عدالت نے انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے رکھا ہے۔