وزیراعظم عمران خان ٹوئٹر پر دنیا کے چھٹے مقبول ترین عالمی رہنما بن گئے

وزیراعظم عمران خان ٹوئٹر پر دنیا کے چھٹے مقبول ترین عالمی رہنما بن گئے
کیپشن: جنرل اسمبلی اجلاس میں تقریر کے بعد عمران خان کے ٹوئٹر فالوورز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ٹوئٹر اسکرین گریب

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان سوشل میڈیا کی مقبول مائیکرو بلاگنگ ایپ ٹوئٹر پر دنیا کے چھٹے مقبول ترین عالمی رہنما بن گئے۔گزشتہ برس کے اعداد و شمار کے مطابق وزیراعظم عمران خان ٹوئٹر پر نویں مقبول ترین عالمی رہنما تھے تاہم اس برس انہوں نے تین عالمی رہنماؤں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ سال ٹوئٹر پر 94 لاکھ فالوورز تھے اور اب ان کے دنیا بھر سے 10.5 فالوورز ہیں۔

ٹوئٹر پر دنیا کے مقبول ترین رہنماؤں میں 65.3 ملین فالوورز کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سرفہرست قرار پائے۔ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی 50.6 ملین فالوورز کے ساتھ دوسرے اور پوپ فرانسس 18.1 ملین فالوورز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

اس کے علاوہ ترک صدر رجب طیب اردوان 14.1 فالوورز کے ساتھ چوتھے مقبول ترین رہنما ہیں جب کہ انڈونیشیا کے صدر جوکو 12.2 ملین فالوورز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں اور وزیراعظم پاکستان عمران خان 10.5 ملین فالوورز کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس عمران خان نے وزیراعظم پاکستان کا عہدہ سنبھالا تھا جس کے بعد ان کے فالوورز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا۔

اس کے علاوہ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کے 74 ویں جنرل اسمبلی اجلاس میں سب سے طویل تقریر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کی تھی جو متاثر کن ثابت ہوئی ۔

اس تقریر میں انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی، منی لانڈرنگ، اسلام ، مسلم مخالف جذبات اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی تھی۔ تاہم اس تقریر کے بعد بھی ان کے ٹوئٹر فالوورز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔