'امن کے داعی ہیں لیکن قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا'

'امن کے داعی ہیں لیکن قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا'
کیپشن: بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کے انسانی حقوق کا احترام کرے، آرمی چیف۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امن کا منتظر ہے لیکن اصولوں یا قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ چین کے دوران بیجنگ میں چینی فوجی قیادت سے ملاقاتیں کیں جس کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل باجوہ نے پیپلزلبریشن آرمی کے ہیڈ کوارٹرکا دورہ کیا اور کمانڈر پی ایل اے جنرل ہان ویگو اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو کلیانگ سے بھی ملاقات کی۔ آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ٹھیک نہ ہونے کے مضمرات سے چینی فوجی قیادت کو آگاہ کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کے انسانی حقوق کا احترام کرے۔ پاکستان امن کا منتظر ہے لیکن اصولوں یا قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پی ایل اے ہیڈکوارٹرآمد پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ چینی فوجی قیادت نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت بھی کی اور چینی فوجی قیادت کی جانب سے امن کے مفاد میں پاکستان کے ذمہ دارانہ طرز عمل کی تعریف بھی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق طرفین نے اتفاق کیا کہ پاک بھارت کشیدگی کے خطے میں امن اور استحکام کے لئے سنگین مضمرات ہوں گے۔ دونوں اطراف نے خلیج کی ترقی پذیر صورتحال اور افغانستان میں امن کے لئے کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جب کہ دفاعی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔