نوجوانوں کو آسان شرائط پر تیس لاکھ تک کا قرضہ دیا جائے گا‘اسلم اقبا ل

 نوجوانوں کو آسان شرائط پر تیس لاکھ تک کا قرضہ دیا جائے گا‘اسلم اقبا ل

لاہور : صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہنر مند اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو آسان شرائط پر تیس لاکھ تک کا قرضہ دیا جائے گا، فیصل آباد اکنامک زون میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے اس سے ہمارے نوجوانوں کے لئے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو جب اقتدار ملا تو ملک کے مالی معاملات خراب تھے پاکستان ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا، وزیراعظم عمران خان کے زبردست معاشی اقدامات کے باعث ملک کی معیشت بحران سے باہر آئی ایک سال کے اندر ساڑھے دس ارب ڈالر کا قرضہ واپس کیا ہے،سابق حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کے لئے لئے گئے قرضوں کو ہمیں اتارنا پڑ رہا ہے، چھ چھ کیمپ آفسز اور ستر کروڑ روپے کی لاگت سے اپنے گھر کے اردگرد بم پروف دیواریں بنانے والوں نے قومی وسائل کا ناجائز استعمال کیا،پی ٹی آئی حکومت میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور ہم نے اپنے بھانجے بھتیجوں اور دامادوں کو ایسی لت نہیں ڈالی ۔

انہوں نے کہا کہ سابق کرپٹ حکمران ہمیں نااہل کہتے ہیں واقعی ہم نااہل ہیں کیونکہ ہمیں منی لانڈرنگ نہیں آتی، ہمیں اومنی گروپ بنانے نہیں آتے، شوگرملیں لگانا نہیں آتیں اور قومی وسائل ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کرنا نہیں آتے - وہ بادشاہ تھے اور انہیں کرپشن کے طور طریقے آتے تھے ہم عوام کو جوابدہ ہیں -

انہوں نے کہا کہ مولانا کی پریشانی یہی ہے کہ وہ سرکاری گھر، سرکاری گاڑی اور اقتدار سے محروم ہوچکے ہیں -ناموس رسالت کے نام پر چندہ اکٹھا کرنے والے مولانا جان لیں کہ اب ان کی نہیں بلکہ قومی معیشت بہترہوگی- ماضی میں لاکھوں ڈالر خرچ کرکے تفریحی دور ے ہوتے تھے لیکن ان حکمرانوں نے کشمیر کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا،وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔