بلوچستان میں ڈینگی کا پہلا کیس سامنے آگیا، 9 سالہ بچے میں وائرس کی تصدیق

بلوچستان میں ڈینگی کا پہلا کیس سامنے آگیا، 9 سالہ بچے میں وائرس کی تصدیق

کوئٹہ: کورونا وائرس اور کانگو کے بعد بلوچستان میں ڈینگی کا پہلا کیس سامنے آگیا۔ ضلع دکی کے 9 سالہ بچے میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ ہسپتال ڈاکٹر نور اللہ موسیٰ خیل کے مطابق دکی کے 9 سالہ بچے میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ بچے کو 3 روز قبل شدید بخار کے باعث فاطمہ جناح ہسپتال لایا گیا تھا۔

جس کے پلیٹ لٹس بہت کم تھے ٹیسٹ کے نمونے لیبارٹری بھیجے گئے جہاں سے آنے والی رپورٹ میں بچے میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی بچے کا تعلق بلوچستان کے علاقے دکی سے ہے جو کسی دوسرے شہر نہیں گیا جس سے اس بات کا اندازا ہوا کہ دکی میں ڈینگی وائرس موجود ہے۔

ادھر بلوچستان اسمبلی میں ملک کا پہلا بے بی فیڈ کارنر اینڈ نرسنگ روم قائم کر دیا گیا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کے مطابق بے بی فیڈ کارنر اینڈ نرسنگ روم کا باضابطہ افتتاح جلد ہی کر دیا جائے گا۔ بلوچستان اسمبلی سمیت کوئٹہ کے مختلف مقامات پر قائم کردہ ان بے بی فیڈ کارنر اینڈ نرسنگ روم میں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ تمام فیڈ کارنر اینڈ نرسنگ رومز کے منصوبوں کی جلد فعالیت کے لئے اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔