قانون ساز اسمبلی کی بھارت کے غیر قانونی اقدامات،محاصرے وحراستی اقدامات کی مذمت

قانون ساز اسمبلی کی بھارت کے غیر قانونی اقدامات،محاصرے وحراستی اقدامات کی مذمت

مظفر آباد: آزاد جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے اپنے خصوصی اجلاس میں متفقہ طور پر متعدد قراردادوں کی منظوری دی ہے جن میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور محاصرے اور حریت رہنمائوں اور کارکنان کی غیر قانونی حراست کے اقدامات کی مذمت کی گئی ہے۔

قراردادیں مختلف ارکان نے پیش کیں اور بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کو ایک سال سے زائد عرصے سے ان کے گھروں میں پابند کرکے ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ ایوان نے ریاست جموں وکشمیر میں غیر ریاستی ہندوئوں کی آبادکاری کی بھی مذمت کی۔

قراردادوں میں ایوان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی برادری سے جموں وکشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے اور بھارتی مظالم کی روک تھام کی اپیل کی۔

ایوان نے اقوام متحدہ سے پانچ اگست 2019 کے اقدامات کو منسوخ کرنے اور کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھانے کی اپیل کی۔