افغانستان کے اندر امن میں اصل رکاوٹ بھارت جیسے امن دشمنوں کا کردار ہے: صدر مملکت

افغانستان کے اندر امن میں اصل رکاوٹ بھارت جیسے امن دشمنوں کا کردار ہے: صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ افغانستان کے اندر امن میں اصل رکاوٹ بھارت جیسے امن دشمنوں کا کردار ہے، جنہوں نے ہمیشہ خطے کاامن تباہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

صدر مملکت نے یہ بات ایک نجی چینل سے گفتگو میں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امن دشمنوں نے ہمیشہ سے خطے کا امن تباہ کرنے کے درپے رہے ہیں۔ افغانستان میں امن واستحکام کی راہ میں بھی اصل رکاوٹ بھارت جیسے امن دشمنوں کا کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مظالم ہوں یا اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک، بھارت کا کردار ہمیشہ منفی رہا۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت نے مختلف بلاکس اور فورموں میں جا کر خطے میں اپنا تسلط قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ گوادر بندرگاہ کی ترقی سے وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر روابط کی سہولت میسر آئے گی۔ پاکستان افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو پہلے ہی گوادر منتقل کر چکا ہے اور افغانستان میں امن کی بحالی کے بعدعلاقائی تجارت میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محض اہم تذویراتی محل وقوع کو اجاگر کرنے کی بجائے پاکستان کو اہم اقتصادی مرکز کے طور پر فروغ دینا ہمارا نصب العین ہونا چاہیے۔ ایران، افغانستان، چین اور وسط ایشیائی ریاستوں سمیت پورے خطے کے ساتھ زمینی راستے اور تجارتی روابط ہونے کی وجہ سے پاکستان گوادر بندرگاہ کے ذریعے چین سے تجارت کا اہم راستہ ہے۔