ٹھگوں نے پھر عوام کو بے وقوف بنانے کے جتن شروع کر دیئے، فیاض الحسن چوہان

ٹھگوں نے پھر عوام کو بے وقوف بنانے کے جتن شروع کر دیئے، فیاض الحسن چوہان

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن رہنمائوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹھگوں نے پھر عوام کو بے وقوف بنانے کے جتن شروع کر دیئے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہ بنانے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو شخس اسمبلی نشست نہ جیت سکا، وہ اپوزیشن کی نمائندگی کیسے کرے گا؟

انہوں نے پی ڈی ایم سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ اصول کے نام پر وصول کی سیاست کی۔ مولانا نے کروڑوں اینٹھنے کے عوض نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کی راہ ہموار کی۔ اب دیکھیں کہ مولانا اور (م) لیگ گٹھ جوڑ کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ (ن) اور (ش) لیگ کی غیر موجودگی میں (م) لیگ پارٹی سیاست کا بیڑہ غرق کرنے میں آزاد ہے۔ مریم صفدر کے فیصلوں نے ہمیشہ (ن) لیگ کو نقصان پہنچایا۔ حیرت ہے اپوزیشن کو عوام کی مشکلات کا احساس اقتدار سے باہر بیٹھ کر ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ''الائیڈ پارٹیز فار کرپشن'' نے عوام کیلئے کچھ کیا ہوتا تو آزادی مارچ اور پی ڈی ایم کی ڈرامے بازی نہ کرنا پڑتی۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر عوام کا اعتماد غیر متزلزل ہے۔ رہی سہی غیر متحدہ اپوزیشن کی سازشیں حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔