وزیراعظم عمران خان کا کمزور اور بے سہارا افراد کیلئے بڑا اقدام

وزیراعظم عمران خان کا کمزور اور بے سہارا افراد کیلئے بڑا اقدام

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کمزور اور بے سہارا افراد کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سرکاری اداروں اور محکموں تک کمزور طبقہ کی رسائی مزید آسان بنانے کا حکم دیدیا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر ملک کا سب سے بڑا شکایات کا نظام مکمل فعال کر دیا گیا ہے۔ تمام صوبوں میں سیٹیزن پورٹل پر افسران کے 8864 ڈیش بورڈز کو ذمہ داری تفویض کی جا چکی ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم آفس کی جانب سے ملک بھر کے سرکاری دفاتر کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اس مراسلے میں سرکاری افسران کو بزرگ شہریوں، بیوہ خواتین اور معذور افراد کی سہولت کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا منشور عوام کی عملی خدمت کرنا ہے۔ گورننس سسٹم کی بہتری عوام اور سرکاری اداروں کے مابین بہتر راوبط سے مشروط ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی ہے کہ سرکاری اداروں کو عوام کی خدمت کیلئے ہر صورت پابند بنایا جائے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے تمام وفاقی سیکرٹریز، چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے سرکاری اداروں کو ضابطہ اخلاق بھی بھجوا دیئے گئے ہیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ضرورت مند شہریوں کو شکایات کیلئے متعلقہ ادارے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ کسی بھی قریبی سرکاری دفتر میں عملہ شہری کی شکایات درج کرنے کا پابند ہوگا۔

اس کے علاوہ سرکاری ادارے شہری کی شکایت فوری متعلقہ محکمہ کو بھیجنے کے پابند ہوں گے۔ یہ فیصلہ مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سہولت نہ ہونے کے باعث فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہریوں کو سہولت سے آگاہ کرنے کیلئے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔