پاکستانیوں کیلئے 8 ممالک میں ویز ا فری انٹری

پاکستانیوں کیلئے 8 ممالک میں ویز ا فری انٹری

ولنگٹن:دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹ پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے پاسپورٹ انڈیکس نے سال 2020 کی فہرست جاری کی جس کے مطابق نیوزی لینڈ نے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کا اعزاز اپنے نام کرلیا جبکہ پاکستان کا اس فہرست میں 70 واں نمبر ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ انڈیکس کی جانب سے جاری کی گئی عالمی دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں نیوزی لینڈ کا نمبر پہلا رہا جبکہ اس فہرست میں عراق کا نمبر آخری رہا۔پاکستان اس رینکنگ میں 70 ویں نمبر پر ہے، اس وقت دنیا کے صرف 7 ملک ایسے ہیں جن کی رینکنگ پاکستان سے بھی کمزور ہے۔نیوزی لینڈ کا پاسپورٹ رکھنے والے 129ممالک کا سفر کرسکتے ہیں 86 ممالک میں جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں جبکہ 43 ممالک میں ویزا آن ارائیول کی سہولت ان کو میسر ہے۔

پاکستان کے شہریوں کو صرف آٹھ ممالک میں ویزا فری اینٹری کی سہولت میسر ہے جبکہ 30 ایسے ممالک ہیں جہاں پاکستانی شہری کو پہنچنے پر بھی ویزا فراہم کیا جا سکتا ہے لیکن 160 ممالک میں رسائی کیلئے پہلے سے ویزا حاصل کرنا ضروری ہے ۔نیوزی لینڈ کے بعد جرمنی، آسٹریا، لگزمبرگ، سوئٹزرلینڈ، آئرلینڈ، جاپان، جنوبی کوریا اور اسٹریلیا کا فہرست میں دوسرا نمبر ہے۔

فہرست میں تیسرے نمبر پر سویڈن ، بیلجیئم ، فرانس ، فن لینڈ ، اٹلی اور سپین ہیں ۔ چوتھے نمبر پر نیدر لینڈ ، ڈنمارک ، پرتگال ، لوتھانیا، ناروے ، آئیس لینڈ ، برطانیہ اور کینیڈا ہیں ۔ اس فہرست میں متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ کا نمبر 13 واں ہے ، اسے 55 ممالک میں ویزا فری اینٹری سہولت حاصل ہے جبکہ 48 ممالک میں پہنچنے پر بھی ویزا مل سکتا ہے تاہم 95 ایسے ملک ہیں جہاں جانے کیلئے پہلے سے ویزا لینا ضروری ہے ۔