رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان کے لیے اچھی خبر

رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان کے لیے اچھی خبر
کیپشن: اب شہریوں کو محکمہ ایکسائز کے دفتر آنا ضروری نہیں، شعیب صدیقی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: سندھ میں رجسٹرڈ گاڑی مالکان کے لیے اچھی خبر ہے کہ اب پرائیویٹ اور کمرشل گاڑیوں کے موٹر وہیکل ٹیکس آن لائن جمع کرائے جا سکیں گے۔

میڈیا کو ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ شعیب صدیقی نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز نے آن لائن موٹر وہیکل ٹیکس کی وصولی کا آغاز کر دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ بینکنگ، ایزی پیسہ موبائل ایپ اور اے ٹی ایم کے ذریعے بھی موٹر وہیکل ٹیکس جمع کرایا جا سکے گا۔

شعیب صدیقی کے مطابق محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ سے پیمنٹ سلپ آئی ڈی بنانے کے بعد آن لائن موٹر وہیکل ٹیکس جمع کرایا جا سکے گا۔

ڈی جی ایکسائز سندھ شعیب صدیقی کا کہنا ہے کہ چند روز میں جاز کیش سے بھی موٹر وہیکل ٹیکس جمع کیا جا سکے گا۔پرائیویٹ اور کمرشل گاڑیوں کے مالکان کو آن لائن ادائیگی سے بڑی سہولت مل سکے گی۔

شعیب صدیقی کے مطابق آن لائن طریقے سے موٹر وہیکل ٹیکس سے محکمہ ایکسائز کو 20 فیصد زائد وصولیاں متوقع ہیں اور موٹر وہیکل ٹیکس جمع کرانے کے لیے اب محکمہ ایکسائز کے دفتر آنا ضروری نہیں بلکہ ہفتے کے تمام دن 24 گھنٹے موٹر وہیکل ٹیکس جمع کرائے جا سکیں گے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے گاڑیوں کی خرید و فروخت کو نیشنل ڈیٹا اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ گاڑیوں کی خرید و فروخت سے متعلق نئے سسٹم پر ایکسائز ڈپارٹمنٹ اور نادرا حکام کے درمیان ابتدائی معاملات طے پا گئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایکسائز سندھ شعیب صدیقی کے مطابق خریدار پر گاڑی کا ایک ماہ کے اندر اپنے نام پر اندراج کرانا لازمی ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ نادرا سینٹرز پر بائیو میٹرک کے ذریعے خرید و فروخت کا عمل مکمل ہو گا گاڑی کی خرید و فروخت کے لیے خریدار اور فروخت کنندہ کو نادرا سینٹر جانا ہو گا۔

اس سے قبل خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ یونیورسل نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی۔ خیبر پختونخوا حکومت کا کہنا ہے کہ  اس اقدام سے چوری کی روک تھام اور جعلی گاڑیوں کی نشاندہی بھی ہو سکے گی۔