کراچی یونیورسٹی میں دہشت گردوں کا کوئی ونگ نہیں، ڈاکٹر اجمل

کراچی یونیورسٹی میں دہشت گردوں کا کوئی ونگ نہیں، ڈاکٹر اجمل

کراچی: پریس کانفرنس کرتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر اجمل خان نے کہا کہ جامعہ کراچی کے طلبہ اور اساتذہ پر فخر ہے۔ جامعہ کے معمولی واقعے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے اگر خامیوں کو اس طرح بیان کریں گے تو جامعہ کو نقصان ہو گا۔ ڈاکٹر اجمل نے کہا کہ جامعہ کی سیکیورٹی پر کام کر رہے ہیں اور ہم سیکیورٹی اداروں سے بھرپور تعاون کریں گے۔  

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے طلبہ کے کوائف سیکیورٹی اداروں کے دینے کے فیصلے کی بھی تردید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا فیصلہ نہیں کر رہے جس سے طلبہ پریشان ہوں اور کیریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ فی الحال نہیں ہوا تاہم اجلاس میں یہ تجاویز آئیں تھیں جن پر غور کریں گے۔

ڈاکٹر اجمل نے مزید کہا کہ ہم حساس اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، کراچی یونیورسٹی میں دہشت گردوں کا کوئی ونگ نہیں اور یہ بھی درست نہیں کہ کراچی یونیورسٹی دہشت گردوں کا ٹھکانہ بن گئی ہے۔ سیکیورٹی اداروں کی طرف سے ہمیں کوئی معلومات نہیں دی گئیں سب کچھ میڈیا سے ہی پتا چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کو تحفظ فراہم کرنا سیکیورٹی اداروں کا کام ہے اور سیکیورٹی فراہم کرنا ہمارا کام نہیں۔

یاد رہے کہ خواجہ اظہار حملہ کیس میں ملوث ملزمان کا تعلق جامعہ کراچی سے ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے باعث گزشتہ روز جامعہ کراچی کی انتظامیہ کے اجلاس میں طلبا کا ریکارڈ حساس اداروں کو دینے اور تھانوں سے کریکٹر سرٹیفکیٹ لینے کی تجویز دی گئی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں