پاناما فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

پاناما فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی پاناما کیس فیصلے میں نظرثانی کی اپیلیں 12 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا تین رکنی بینچ درخواستوں کی سماعت کرے گا، جس کے دیگر دو اراکین میں جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے فیصلے میں سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز سمیت ان کی صاحبزادی مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف نواز شریف، حسن اور حسین نواز کی جانب سے نظر ثانی کی اپیلیں دائر کی گئیں تھیں جب کہ شریف خاندان نے نظر ثانی اپیلوں پر فیصلہ آنے تک نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 28 جولائی کو سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس کے حوالے سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دے دیا تھا، جب کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت ان کے خاندان کے افراد کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔