عمران خان کے صاحبزادے آج لندن سے اسلام آباد پہنچ گئے

عمران خان کے صاحبزادے آج لندن سے اسلام آباد پہنچ گئے
کیپشن: وزیراعظم بننے کے بعد سے ان کے بیٹوں کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے صاحبزادے قاسم اور سلیمان آج لندن سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ عمران خان کے بیٹے پی آئی اے کی پرواز نمبر پی کے 786 سے اسلام آباد آئے ہیں۔ 

عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد سے ان کے بیٹوں کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ قاسم اور سلیمان 4 روز بنی گالہ میں والد کے ساتھ وقت گزاریں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ ماہ 18 اگست کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا تاہم انہوں نے حلف برداری کی تقریب میں اپنے بیٹوں کو شرکت کرنے سے منع کر دیا تھا۔

وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد صحافی مہر تارڑ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما اور دونوں صاحبزادوں سلیمان اور قاسم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'انہیں اپنے والد پر فخر ہو گا جب وہ انہیں بطور وزیراعظم خدمات انجام دیتے ہوئے دیکھیں گے،جس کے لیے بہت لگن کی ضرورت ہے'۔

تاہم جمائما نے جوابی ٹوئیٹ میں بتایا کہ 'وہ آنا چاہتے تھے لیکن عمران خان نے دونوں بیٹوں کو تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے سے منع کر دیا ہے'۔

جمائما کا مزید کہنا تھا کہ 'ان کے دونوں بیٹے اداس ہیں کہ وہ وہاں نہیں لیکن عمران خان اٹل ہیں کہ انہیں تقریب میں نہیں ہونا چاہیے'۔