پاک چین وزراءخارجہ کا معاشی و ثقافتی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

پاک چین وزراءخارجہ کا معاشی و ثقافتی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال
کیپشن: فوٹو: فائل

اسلام آباد : چینی وزیرخار جہ وانگ ای کی دفتر خارجہ آمد، پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا، دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتحال، سی پیک، دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و ثقافتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مذاکرات کے پہلے مرحلے میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی جبکہ وانگ ای نے چینی وفد کی قیادت کی۔مذاکرات میں خطے کی صورتحال، سی پیک، دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و ثقافتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی پیک حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ سی پیک پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہے۔ اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کو چین میں ہونے والی درآمدی اشیا کی بین الاقوامی نمائش میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی۔

واضح رہے کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ڑی گزشتہ روز تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے، ان کے ہمراہ وفد میں 3 دیگر وزرا اور اعلی ترین حکام بھی شامل ہیں۔