پاکستان ریلوے ڈیم فنڈ میں سالانہ 10 کروڑ روپے جمع کروائے گی ، شیخ رشید

پاکستان ریلوے ڈیم فنڈ میں سالانہ 10 کروڑ روپے جمع کروائے گی ، شیخ رشید
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور:  وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے کاخسارہ ایک سال میں ختم کریں گے۔ کنٹریکٹ ملازمین اور دفاترسے غائب رہنے والے ریلوے پربوجھ ہیں، ریلوے کے کنٹریکٹ گھوسٹ ملازمین کوفارغ کیاجائے گا۔

ریلوے ہیڈکوارٹر میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ریلوے ڈیم فنڈ میں 10 کروڑ روپے سالانہ جمع کروائے گی۔ 100 روپے کے ٹکٹ پر ایک روپے کا اضافہ کیا جائے گا، 100 روپے سے زائد مالیت کے ٹکٹوں پر 2 روپے اضافہ ہوگا۔ایئر کنڈیشنڈ کار کی ٹکٹوں پر کرایہ میں 10 روپے اضافہ ہوگا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حاصل کی گئی رقم ڈیم فنڈز میں جمع کروائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے اور جام شورو کمپنی میں معاہدہ ہوا ہے۔ معاہدے سے ساڑھے 4 ارب روپے ریل کا ریونیو بڑھے گا۔ گوادر کو ریل کا نیا ڈویژن بنا دیا ہے، ملازمین کو 2 اضافی تنخواہیں ملیں گی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ 14 ستمبر کو وزیر اعظم عمران خان 2 نئی ٹرینوں کا افتتاح کریں گے۔ ایک ماہ سے زائد چھٹی والے افسران واپس آجائیں یا استعفیٰ دیں۔ کوئی ٹینڈر وزیر اعظم اور کابینہ کی منظوری کے بغیر نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے پاکستانیوں اور بیرون ملک پاکستانیوں سے ڈیموں کی تعمیر میں مدد کی اپیل کی تھی۔