ممنون حسین عہدہ صدارت سے سبکدوش، عارف علوی کل حلف اٹھائیں گے

ممنون حسین عہدہ صدارت سے سبکدوش، عارف علوی کل حلف اٹھائیں گے
کیپشن: فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین کی مدت صدارت کا آج آخری روز ہے اور انہیں الوداعی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔صدر ممنون حسین کو ایوان صدر میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔صدر ممنوں حسین نے گارڈ آف آنر کے بعد ایوان صدر کے ملازمین سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور پھر ممنون حسین ایوان صدر سے روانہ ہو گئے۔

ترجمان ایوان صدر کے مطابق نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی کل پاکستان کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق صدر ممنون حسین نے گزشتہ روز ایوان صدر کے افسران اور اہلکاروں سے الوداعی ملاقات کی۔اس موقع پر صدر ممنون حسین نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آئین وقانون کی پاسداری اور اچھی حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی پوشیدہ ہے۔ممنون حسین نے کہا کہ وہ عہدہ صدارت چھوڑتے وقت اس بات پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اپنے اختیارات اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کیا۔

خیال رہے کہ صدر ممنون حسین نے  2013 میں صدارتی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار وجیہ الدین کو 77 ووٹ سے شکست دے کر 9 ستمبر 2013 کو صدر کی نشت سنبھالی۔