شعیب دستگیر تبدیل، انعام غنی نئے آئی جی پنجاب تعینات

شعیب دستگیر تبدیل، انعام غنی نئے آئی جی پنجاب تعینات
کیپشن: سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے انعام غنی کی بطور آئی جی پنجاب تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: انعام غنی کو پنجاب کا نیا انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی سابق آئی جی شعیب دستگیر کے تبادلے کے بعد سامنے آئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی تبدیلی کی منظوری دیتے ہوئے صوبے کے نئے انسپکٹر جنرل آف پولیس کیلئے نام طلب کئے تھے۔

سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے انعام غنی کی بطور انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) پنجاب تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ انعام غنی گریڈ اکیس کے آفیسر ہیں جو جنوبی پنجاب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب تعینات رہ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر کلیم امام صرف تین ماہ آئی جی 13 جون 2018ء سے 11 ستمبر 2018، محمد طاہر 11 ستمبر 2018ء سے 15 اکتوبر 2018ء امجد جاوید سلیمی 15 اکتوبر 2018ء سے 17 اپریل 2019ء، کیپٹن (ر) عارف نواز خان 17 اپریل 2019ء سے 28 نومبر 2019ء آئی جی پنجاب رہے۔ شعیب دستگیر پانچویں آئی جی پنجاب تھے جو 28 نومبر 2019ء کو تعینات ہوئے۔

ادھر سابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ سی سی پی او لاہور عمر شیخ کے بیان پر وزیراعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے کمانڈر کے خلاف بات کر کے رولز کی خلاف ورزی کی۔ قانون کے مطابق کارروائی ہوتی تو کوئی مسئلہ نہیں تھا۔

سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے شعیب دستگیر کو سیکرٹری نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن تعینات کر دیا گیا، اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ ادھر اے ڈی خواجہ کو ممبر وفاقی محتسب تعینات کرتے ہوئے اس کا بھی اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔