سعودی عرب کا تین ممالک پر سفری پابندی ختم کرنے کا اعلان

سعودی عرب کا تین ممالک پر سفری پابندی ختم کرنے کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ریاض: سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت جنوبی افریقہ اور ارجنٹائن پر سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کا اطلاق آج سے ہو رہا ہے۔ 
سعودی عرب کی جانب سے مذکورہ ممالک کیلئے سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد لوگوں کو ان ممالک سے ائیر پورٹس، سمندری اور زمینی سرحدوں کے ذریعے بدھ کی صبح 11 بجے سے سفر کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ سعودی عرب میں رہنے والے افراد کو بھی ان ممالک میں سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
عرب میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے خلاف اقدامات میں نرمی کے باعث یہ سفری پابندیاں ختم کی گئی ہیں اور اب ریڈ لسٹ میں شامل ان 3 ممالک سے بھی ویکسین شدہ افراد کو سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ گزشتہ مہینے کے آخر میں پاکستان ، بھارت ، اور انڈونیشیا سمیت 20 ممالک سے سفر پر عائد پابندی بھی ختم کر دی گئی تھی۔ 
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے باعث سعودی عرب نے 4 جولائی کو یو اے ای پر سفری پابنی عائد کی تھی اور اب 8 ستمبر سے متحدہ عرب امارات سمیت جنوبی افریقہ اور ارجنٹائن پر سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔