ابھرتی معیشتوں کی فہرست سے پاکستان کا اخراج، شہباز شریف کا شدید اظہار تشویش

Pakistan, Morgan Stanley Capital International, global list, bad news, Shehbaz Sharif, PML-N

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا ابھرتی معیشتوں کی فہرست سے پاکستان کے اخراج پر شدید اظہار تشویش ، کہا مورگن اسٹینلے کیپیٹل انٹرنیشنل کی عالمی فہرست میں پاکستان کی تنزلی اچھی خبر نہیں ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ایم ایس سی آئی کا پاکستان کو فرنٹئیر مارکیٹس میں شمار کرنا ملکی معاشی بدحالی کا اعلان ہے ۔ معیشت سے متعلق عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی تنزلی عوام کو درپیش شدید مشکلات اور مصائب کا اعتراف ہے ۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مورگن درجہ بندی تصدیق کر رہی ہے کہ پاکستان کی معیشت کا حجم کم ہوا ہے اور ملک کو سرمائے کی قلت کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتی معیشتوں کی فہرست سے پاکستان کے نکلنے کا مطلب ہے کہ ہمارے خدشات درست نکلے ، یہ عالمی درجہ بندی اس امر کا بھی ثبوت ہے کہ حکومتی معاشی اعداد وشمار عالمی سطح پر مسترد ہوئے ہیں ۔ عمران نیازی کو عوام خوشحال اور عالمی اداروں کو بدحال نظر آرہے ہیں ۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے دور میں پاکستان کو دنیا کی 20 ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شمار کیا گیا ۔ تین سال میں پاکستان کا معاشی ترقی اور عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے لئے سازگار ملک ہونے کا درجہ بھی چھن گیا ، افسوس ہے ۔