رکشہ پر خاتون سے نازیبا حرکت کرنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت

رکشہ پر خاتون سے نازیبا حرکت کرنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں موٹر سائیکل رکشہ پر خاتون سے نازیبا حرکت کرنے کے مقدمے میں متاثرہ خاتون نے 4 ملزمان کو شناخت کر لیا ہے۔ 
رکشہ سوار متاثرہ خاتون نے چاروں ملزمان عثمان، عرفان، ساجد اور عبداالرحمان کو کیمپ جیل لاہور میں شناخت کیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ چاروں لڑکوں نے رکشہ کا پیچھا کیا اور جملے کسے، ملزمان مسلسل نازیبا جملے بولتے رہے، اسی دوران ملزم ساجد نے چلتے رکشہ پر چڑھ کر نازیبا حرکت کی اور بھاگ گیا۔
ذرائع کے مطابق رکشہ میں سوار لڑکی سے بے ہودہ حرکت کرنے والے ملزمان کو شناخت پریڈ کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔ شناخت پریڈ کی رپورٹ مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرائی جائے گی جس کے بعد ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے لیے طلب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ لاہور میں رکشہ سوار خواتین سے اوباش نوجوان کی شرمناک حرکت کی ویڈیو سامنے آنے پر مذکورہ ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تو آئی جی پنجاب نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزم کی شناخت کا عمل فوری شروع کرنے کا حکم دیا۔ 
یہ ویڈیو 14 اگست کو مینار پاکستان کے باہر بنائی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل رکشے میں بیٹھی لڑکیوں کو اوباش نوجوانوں نے گھیر رکھا ہے اور ویڈیو بنا رہے ہیں اور اسی دوران ایک لڑکا رکشے پر سوار ہو کر نازیبا حرکت کرتا ہے۔