وزیراعلیٰ پنجاب نے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس دینے کا اعلان کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس دینے کا اعلان کر دیا
کیپشن: وزیراعلیٰ پنجاب نے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس دینے کا اعلان کر دیا
سورس: فائل فوٹو

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس دیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ اعلان اپنی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا جو چار گھنٹے طویل تھا۔ وزیراعلیٰ نے طویل اجلاس میں کہا کہ سروسز ہسپتال میں 200 بستروں پر مشتمل نیا ایمرجنسی بلاک بنایا جائے گا۔ سروسز ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کے ساتھ عمارت کے اسٹرکچر کو بھی بہتر بنائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جناح ہسپتال کے سامنے 56 کنال اراضی پر ٹراما سینٹر و ایمرجنسی بلاک بنایا جائے گا اور جناح ہسپتال کا نیا ٹراما سینٹر و ایمرجنسی بلاک 300 بستروں پر مشتمل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹراما سینٹر اور نئے ایمرجنسی بلاک میں اسٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں فراہم کریں گے اور یہ منصوبے لاہور کی بڑھتی ہوئی آباد ی کو مد نظر رکھ کر ترتیب دیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بتایا کہ راجن پور اور بہاولنگر میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کے لیے اراضی کی نشاندہی کر لی گئی ہے جبکہ میانوالی میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کو آئندہ سال تک فنکشنل کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا انقلابی اقدام ہے جبکہ عوام کو ان کی دہلیز پرمعیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے۔ پہلے مرحلے میں ساہیوال اور ڈی جی خان ڈویژن کے لوگوں کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس فراہم کر دی گئی ہے۔