امریکہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور مضبوط تعلقات چاہتے ہیں: آرمی چیف

امریکہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور مضبوط تعلقات چاہتے ہیں: آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور مضبوط تعلقات چاہتا ہے۔ 
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکہ کے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے قونصلر ایچ کولیٹ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس دوران دونوں جانب سے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ 
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر غور کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون پر بات چیت کی گئی جبکہ امریکی وفد نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر گہرے رنج وغم اور متاثرہ خاندانوں سے دلی افسوس کا اظہار کیا۔ 
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ کے مطابق امریکی وفد کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کی مدد کریں گے، امریکی وفد نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔ 
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ روایتی باہمی رابطے استوار رکھنے کا خواہاں ہے اور کثیرالنوعیت تعلقات کا فروغ چاہتا ہے، آرمی چیف نے بطور گلوبل پارٹنر امریکی تعاون پر اظہار تشکر بھی کیا۔

مصنف کے بارے میں